Sunday, April 26, 2020

کم یا ضَرورت سے زیادہ تیز روشنی میں مُطالَعہ کرنا



*کم یا ضَرورت سے زیادہ تیز روشنی میں مُطالَعہ کرنا*

نظر کی کمزوری کا ایک سبب کم یا ضَرورت سے زیادہ تیز روشنی یا غَلَط سَمت  (Direction)  سے آنے والی روشنی میں مُطَالَعہ کرنا بھی ہے کہ اس سے  بینائی متأثر ہوتی ہے لہٰذا مُطَالَعہ کرتے وقت اِس بات کا خیال رکھیں کہ روشنی اوپر سے یا اُلٹی طرف (Opposite Side) سے آئے کہ اِس طرح آنکھوں پر زور کم پڑے گا اور انہیں سہولت رہے گی۔بتی  (Light)  لگانے کا بھی یہی اُصول ہے کہ چھت میں لگائی جائے کہ اس سے خوب روشنی ہوتی ہے۔ پہلے  لوگ لالٹین  زَنجیر سے باندھ کر چھت سے نیچے کی طرف لٹکا دیا کرتے تھےاِس طرح کمرے میں چاروں طرف خوب روشنی ہوتی تھی جبکہ آج کل بتیاں (Lights)  چھت میں لگانے کے بجائے دیواروں پر لگانے کا رَواج ہے جس سے روشنی کم ہو جاتی ہے کیونکہ دیواریں روشنی جذب کر تی ہیں۔یوں ہی آج کل بعض لوگ زیبائش  (Decoration)  کے لیے بتیوں کے اوپر رَنگین پلاسٹک کور  لگا دیتے ہیں اس سے روشنی مزید  کم ہو جاتی ہے اور کم روشنی میں مُطَالَعہ کرنے سے آنکھوں پر وزن پڑتا ہے  اور تھکن ہو جاتی ہے جس کے نتیجےمیں نظر بھی کمزور  ہوتی چلی جاتی  ہے۔

*گرد و غُبار اور گاڑیوں کے دُھوئیں کے مُضِر اَثرات*

نظر کی کمزوری کا ایک باعِث گرد و غُبار اور گاڑیوں کا دُھواں  بھی ہے، اس کے مُضِر اَثرات سے بچنے کے لیے آنکھوں کو دھوتے رہنا چاہیے اور اس کا بہترین حل وقتاً فوقتاً وُضو کر لینا ہے۔

کسی یورپین ڈاکٹر نے ایک مَقالہ لکھا جس کا نام تھا *”آنکھ، پانی، صحت (Eye , Water , Health) “* اِس  مَقالے میں اُس نے  اِس بات پر زور دیا کہ *’’ اپنی آنکھوں کو دن میں کئی بار دھوتے رہو ورنہ خطرناک بیماریوں سے دو چار ہونا پڑے گا۔ آنکھوں کی ایک ایسی بیماری بھی ہے جس میں آنکھوں کی رَطُوبَتِ اَصلیہ  (یعنی اَصلی تَری) کم یا ختم ہو جاتی ہے اور بینائی کمزور ہوتے ہوتے بالآخر مریض اَندھا ہو جاتا ہے۔طِبی اُصُول کے مُطابِق اگر بھنوؤں کو وَقتاً فوقتاً تر کیا جاتا رہے تو اس مَرض سے تَحَفُّظ مل سکتا ہے۔“* اَلْحَمۡدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس یورپین ڈاکٹر کے بیان کردہ طِبی اُصُول سے ہم مسلمانوں کے مذہب کی سچائی اور عُمدگی مَزید واضِح ہوتی ہے کہ ہم روزانہ کئی بار وُضو کی صورت میں اپنی آنکھوں اور دِیگر اَعضاء کے تَحَفُّظ  کا  سامان کر لیتے ہیں ۔

*اپنی آنکھوں کا غَلَط اِستعمال*

★ *نظر کی کمزوری کے اَسباب میں سے ٹی وی، وی سی آر یا کمپیوٹر پر فلمیں ڈرامےدیکھنا،  بِلاضَرورت اپنی یا کسی اور کی  شرمگاہ کی طرف نظر کرنا اور گندگی (پیشاب وغیرہ) دیکھنا بھی ہے۔ان اَسباب سے بچنے کا بہترین حل آنکھوں کا ”قفلِ مدینہ“ لگانا ہے۔* ★

*نظر کمزور ہونے کا ظاہری سبب عُمر کی زیادتی*

نظر کمزور ہونے کا ایک ظاہری سبب عُمر کی زیادتی ہے ۔انسان جب بوڑھا ہو جاتا ہے تو اس کے اَعضاء کمزور ہو جاتے  ہیں۔اَعضاء کی یہ کمزوری دَراصل  موت کا پیغام ہے۔ سیاہ بالوں کے بعد سفید بال ،  جسمانی طاقت کے بعد کمزوری اور سیدھی کمر کے بعد کمر کا جُھکاؤ ،  مَرض ،  آنکھوں اور  کانوں کا تَغَیُّر  (یعنی پہلے نظر اچّھی ہونا پھر کمزور پڑ جانا اور سننے کی طاقت کی دُرُستی کے بعد بہرے  پن کی آمد وغیرہ)  بھی موت کے قاصِد  (Messengers)  ہیں اور پیغام ديتے ہیں کہ زندگی کی مِیعاد ختم ہونے والی ہے۔

No comments:

Post a Comment