Saturday, April 25, 2020

جمعہ کی نماز میں حاضر ہونے کے فضائل


♻Ⓜ♻
🌹_ جمعہ کی نماز میں حاضر ہونے کے فضائل _🌹

جمعہ کی نماز  ایک عظیم اور فضیلت والی نماز ہے ، یہی وجہ ہے کہ اس میں حاضر ہونے والوں کیلئے احادیث طیبہ میں بہت کثرت سے فضائل ذکر کیے گئے ہیں ، ذیل میں چند فضائل ملاحظہ فرمائیں :

🌸 جمعہ سے جمعہ تک گناہوں کی معافی :
جو شخص جمعہ کے دن غسل کرکے اپنے کپڑوں میں سے اچھے کپڑے پہنے اور اگر میسّر ہو تو خوشبو لگائے پھر جمعہ میں آئے، وہاں لوگوں کی گردن نہ پھلانگے، پھر جتنی اللہ نے اُس کے مقدّر میں لکھی ہو (یعنی حسبِ توفیق) نماز پڑھے، پھر جب اِمام (خطبہ کیلئے) نکلے تو خاموش رہے، یہاں تک کہ نماز سے فارغ ہوجائے تو یہ اس کے اِس جمعہ اور پچھلے جمعہ کے درمیان کے گناہوں کا کفارہ بن جائے گا۔ (ابوداؤد:343)

🌼 دس دن کے گناہوں کی  معافی :
جو غسل کرکے جمعہ میں آیا اور حسبِ توفیق نماز پڑھی پھر اِمام کے خطبہ سے فارغ ہونے تک خاموش رہا اور اُس کے ساتھ نماز پڑھی تو اس جمعہ سے گزشتہ جمعہ تک ، بلکہ اس سے تین دن زیادہ تک کے گناہ معاف کردیے جائیں گے۔ (مسلم:857)

🌺 جمعہ میں جلدی آنے والوں کی بالترتیب فضیلت :
جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہوجاتے ہیں، اور ایک ایک کرکے شروع میں آنے والوں کے نام لکھتے ہیں (یعنی جو شخص مسجد میں اوّل وقت آتا ہے، پہلےاُس کا نام ، پھر اُس کے بعد جو پہلے آتا ہے اُس کا نام لکھتے ہیں) وہ شخص جو مسجد میں اوّل وقت آتا ہے اُس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی شخص قربانی کیلئے اونٹ بھیجتا ہے، پھر اُس کے بعد جو جمعہ میں آتا ہے اُس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی شخص قربانی کیلئے دُنبہ بھیجتا ہے، پھر اُس کے بعد جو شخص آتا ہے اس کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی شخص صدقہ میں مرغی دیتا ہے، پھر اُس کے بعد جو شخص آتا ہےوہ صدقہ میں انڈا دینے والوں کی طرح ہوتا ہے۔ پھر جب اِمام منبر پر آتا ہے تو وہ اپنےصحیفے (نام لکھنے کے اندراج نامے) لپیٹ لیتے ہیں اور خطبہ سننے لگ جاتے ہیں۔ (بخاری:929)

💝 ایک سال کے صیام و قیام کا ثواب :
جو شخص جمعہ کے دن نہائے اور اپنے سر کو دھوئے اور خوب جلدی جائے (تاکہ) شروع سے خطبہ پالےاور پیدل جائے، سوار نہ ہو اور اِمام کے قریب بیٹھے اور خطبہ سنے، نیز کوئی بیہودہ بات زبان سے نہ نکالے تو اُس کے ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزوں اور ایک سال کی عبادت کرنے کا ثواب لکھا جائے گا۔ (ابوداؤد:345)

🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰

No comments:

Post a Comment